16 جنوری 2012 - 20:30

شمالی بغداد میں ایک کار بم دھماکے میں کم سےکم آٹھ افراد جاں بحق ہوگئےہیں۔

ابنا: اطلاعات کےمطابق ایک کار بم دھماکہ مشرقی موصل کے رہائشی کامپلکس کے اندر ہوا جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق دھماکے کی شدت کے پیش نظر مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم کےجنرل سکریٹری اکمل الدین احسان اوغلو نے جنوبی عراق میں ہونےوالےحالیہ بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے سکریٹری جنرل نے ایک بیان میں عراق کی سیاسی و سیکورٹی کی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بصرہ میں ہونے والے حالیہ دھماکے اور اس میں مرنے اور زخمی ہونے والوں پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتے ہيں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایک دہشت گرد نے بصرہ میں شیعہ زائرین کے درمیان خودکش دھماکہ کرکے ترپن افراد کو شہید اور ایک سوسینتیس کو زخمی کر دیا تھا۔

ادھر عراقی شہریوں نےبغداد عدالتی کونسل کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کرکے عراقی کردستان کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراقی نائب صدر طارق الہاشمی کو جن پر عراق میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا الزام ہے اس ملک کی عدلیہ کے حوالے کرے۔ مظاہرین نے بغداد کے علاوہ کسی دوسری جگہ مقدمہ چلائےجانے کی مخالفت کی۔

عراق کے نائب صدر طارق الہاشمی کی گرفتاری وارنٹ کے بعد ان کے عراقی کردستان میں فرار کر جانے کی خبر سے عراق کےسیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا ہوگئي ہے۔
....... 
/169